ہفتہ, فروری 15, 2025
اشتہار

چینی کامیڈین کو اپنی فوج کا مذاق اڑانا بھاری پڑگیا

اشتہار

حیرت انگیز

چین میں اسٹیج کے معروف کامیڈین کو فوج کا تمسخر اڑانا مہنگا پڑ گیا اور سامعین کو لطیفہ سنانے پر کروڑوں کا جرمانہ ادا کرنا پڑا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسٹینڈ اپ کامیڈین نے ایک اسٹیج پروگرام میں سامعین کے مجمع میں ایک لطیفہ سنایا جس میں دو کتوں کا زکر کیا گیا تھا اور لطیفے میں 2013 میں چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے متعارف کرائے گئے  پیپلز آرمی کے نعرے کا بھی استعمال کیا۔

ٹوئٹر طرز کی چینی سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ویبو پر جاری ایک آڈیو کلپ میں اس چٹکلے پر تماشائیوں کو قہقہے لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے تاہم انٹرنیٹ پر اسے سننے کے بعد ایک شخص نے چینی حکام کو اس کی شکایت کر دی اور بیجنگ حکام نے اس پر تحقیقات شروع کر دی تھیں۔

اس لطیفے کو ملکی وقار اور قومی سلامتی کا مذاق بنانے کے مترادف سمجھا گیا اور معاملے کی تحقیقات کے بعد حکام نے  ایک کروڑ 47 لاکھ یو آن جرمانہ عائد کیا جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 59 کروڑ، 87 لاکھ، 82 ہزار 276 روپے بنتی ہے۔ ساتھ ہی شنگھائی شیاگو میڈیا کمپنی پر چینی دارالخلافہ میں کسی بھی قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی۔

چین کی وزارت ثقافت و سیاحت کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہم کسی بھی شخص یا ادارے کو چین کے دارالخلافہ میں بیٹھ کر چین کے پیپلز لبریشن آرمی کی تضحیک کرنے کی اجازت کبھی نہیں دے سکتے۔

جرمانے کی سزا پانے والا کامیڈین لی ہاؤشی ہے جس کا تعلق شنگھائی شیاگو کلچر میڈیا کمپنی سے ہے۔

میڈیا کمپنی نے ملکی قوانین کا احترام کرتے ہوئے جرمانہ قبول کرلیا اور غلطی تسلیم کرتے ہوئے کامیڈین لی ہاؤشی کے ساتھ کیا گیا کانٹریکٹ منسوخ کر دیا ہے۔

دوسری جانب اسٹینڈ اپ کامیڈین لی ہاؤشی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ویبو  پر اپنے ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد فالورز سے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ میں بہت شرمسار ہوں اور آئندہ پوری ذمہ داری کا مظاہرہ کروں گا، فی الحال سب کچھ روک کر،  نئے سرے سے سیکھنے کی کوشش کروں گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں