بھارت کے خلاف پہلے ون ڈے میں شکست کے زخموں سے چور انگلش ٹیم کو دہرا دھچکا لگ گیا۔
کپتان مورگن اور بیٹسمین سیم بیلنگ کی دوسرے ون ڈے میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ پہلی شکست کے بعد مہمان ٹیم جمعہ کو بقا کی جنگ لڑے گی۔
جیت کی صورت میں انگلش ٹیم سیریز میں رہے گی اور ہار پر سیریز ہاتھ سے نکل جائے گی۔ انگلش ٹیم کو ایک جانب سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہے تو دوسری جانب کپتان مورگن اور بیٹسمین بیلنگ زخمی ہوگئے ہیں۔
کپتان کا انگوٹھا زخمی ہوا اور انہیں 4 ٹانکے آئے، زخم کے ساتھ وہ خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور ٹیم کو 68 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بیٹسمین بیلنگ فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری بچاتے ہوئے زخمی ہوئے اور وہ بھی فٹنس مسائل کا شکار ہیں۔ کپتان مورگن کا کہنا ہے کہ دونوں کی آئندہ میچ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ 48 گھنٹوں میں زخموں کی نوعیت دیکھ کر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال ہمیں تھوڑا انتظار کرنا چاہیے اور کسی بھی فیصلے پر پہنچنے سے پہلے ہمیں تھوڑا وقت دینا چاہیے ممکن ہے کو بہتر نتیجہ نکل آئے۔