اشتہار

دوست نے دوست کو ہی لوٹ لیا، آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلیے کیا کیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

دوست نے اپنے دوست کو بھی نہ بخشا اور اس کے گھر میں ہی چار کروڑ کی چوری کرلی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلیے ہوبہو نقلی اشیا رکھ دیں۔

دوست دنیا میں قابل اعتماد رشتہ مانا جاتا ہے اور ہمارے سامنے ایسی دوستی کی کئی مثالیں ہیں لیکن جہاں دنیا میں جانثار دوستوں کی کمی نہیں وہیں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو دوست بن کر اعتماد کا خون کرتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ چین میں ہوا جہاں ایک خاتون نے اپنی ہی دوست کے گھر چار کروڑ مالیت کی قیمتی اشیا چرائیں اور پھر اس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلیے ان کی ہوبہو نقل وہاں رکھ دی لیکن یہ ہوشیاری کام نہ آئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دوست کا دوست کو دھوکا دینے کا واقعہ تین سال قبل شروع ہوا جب کاؤ نامی خاتون اپنے گھر کی تزئین و آرائش کرا رہی تھی اس دوران اسے کہیں کام کے سلسلے میں گھر سے باہر جانا پڑا تو اس نے گھر کی چابی اپنی دوست لیو کو دے دی۔

- Advertisement -

لیکن لیو نے اپنی دوست کے اعتماد پر پورا اترنے کے بجائے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کاؤ کے گھر سے ایک ملین یو آن (لگ بھگ پونے چار کروڑ روپے پاکستانی) مالیت کی قیمتی اشیا چُرا لیں۔ ان اشیا میں برانڈڈ بیگز، جوتے، کپڑے، جیولری ودیگر قیمتی سامان تھا۔

دھوکا باز لیو نے صرف اتنا ہی نہیں کیا بلکہ اپنی چوری چھپانے اور دوست کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ان ہی اشیا کی ہوبہو نقلی اشیا ان کی جگہ رکھ دی۔

کاؤ جب واپس لوٹی تو چند ہی دنوں میں اسے اندازہ ہوگیا کہ بعض اشیا جعلی یا نقلی ہیں لیکن اس نے یہ گمان بھی نہ کیا کہ یہ کارستانی اس کی دوست کی ہوسکتی ہے۔ وہ سمجھی کہ شاید دکاندار نے اسے دھوکا دیا ہے، لیکن جیسے جیسے دیگر اشیا کے جعلی ہونے کا معلوم ہوتا گیا اس کی پریشانی بڑھتی گئی۔

کاؤ نے جن دکانوں سے یہ سامان لیا تھا جب وہاں شکایت کی تو ان جواب نے اسے حیران کردیا۔ دکانداروں نے بتایا کہ یہ سامان ان کے دیے گئے سامان کی نقل ہیں اور یہ سامان اس کے گھر میں ہی تبدیل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر بھی کاؤ اپنی دوست لیو سے بدگمان نہیں ہوئی بلکہ اس نے اس چوری کو گھر میں کام کے لیے آنے والے مزدوروں کی کارستانی سمجھا۔ بہرحال جب کاؤ نے چوری کی رپورٹ پولیس کو کی اور اس نے تحقیقات کیں تو معمے کا سرا اس کی دوست لیو پر جاکر رکا۔

یہ کاؤ کیلیے ناقابل یقین لمحہ تھا تاہم پولیس نے لیو سے تفتیش کی تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔ اس موقع پر لیو نے کاؤ سے معافی کی درخواست کی تاہم اعتماد کو ٹھیس پہنچانے پر کاؤ نے دوست کو معاف کرنے سے انکار کردیا۔

اس دھوکا دہی اور چوری کا مقدمہ عدالت میں چلا جہاں عدالت نے لیو کو 12 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں