اسٹنٹ کرنا مہنگا پڑگیا، نوجوان بلند آبشار سے نیچے پہاڑی چٹان پر گر پڑا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
خطروں سے کھیلنا بیشتر نوجوانوں کا پسندیدہ مشغلہ ہے بالخصوص سوشل میڈیا کا ہماری دنیا میں وارد ہونے سے یہ کم وقت میں بڑی شہرت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ بن چکا ہے، لیکن بعض اوقات یہ مشغلہ انتہائی خوفناک بھی ہوجاتا ہے ایسا ہی کچھ ہوا چین میں جہاں نوجوان نے پہاڑی چٹان کے ممنوعہ خطرناک علاقے میں اسٹنٹ کرنے کی کوشش میں اپنی جان کو خطرے میں ڈال دیا.
یہ واقعہ چین کے سوسونگ کاؤنٹی کے قدرتی مناظر سے بھرپور جیوجنگو نامی ایک تفریحی مقام پر پیش آیا ہے جہاں ایک نوجوان نے ممنوعہ خطرناک مقام ہونے کے باوجود وہاں کرتب دکھانے کی کوشش کی ہے۔
سوشل میڈیا وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص ایک بڑے پتھر کو عبور کرتا ہوا آبشار کی بلندی کی جانب جاتا ہے تاہم وہاں جاکر اس کا توازن بگڑتا ہے اور انتہائی تیز رفتاری سے آبشار کے گرتے پانی کے ساتھ نیچے آتا ہے اور ایک چٹان سے زور دار ٹکراتا ہے۔
This is why you should respect warning signs ⚠️ pic.twitter.com/MJM8Hvzps6
— South China Morning Post (@SCMPNews) May 17, 2022
جب نوجوان لڑھکتا ہوا نیچے کی جانب گرتا ہے تو ویڈیو میں آبشار کے قریب ہی موجود شخص کی یہ منظر دیکھ کر ‘اوہ مائی گاڈ’ کی خوفزدہ لہجے میں آواز بھی سنائی دیتی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جس مقام پر پیش آیا وہ خطرناک اور ممنوعہ علاقہ ہے اور اس حوالے سے وہاں ہدایت بھی آویزاں ہے لیکن مذکورہ نوجوان نے اس انتباہ کو قابل اعتنا نہ گردانا اور اسٹنٹ کرنے کی خواہش کی تکمیل کیلیے اپنی جان کو انتہائی خطرے میں ڈال دیا۔
اس ویڈیو کو "اس نے انتباہ پر کیوں توجہ نہ دی؟” کے ساتھ پوسٹ کیا گیا ہے۔
خوش قسمتی سے اسٹنٹ کرنے والے شخص کی زندگی محفوظ رہی اور اسے معمولی چوٹیں آئیں۔