کراچی: کلفٹن میں کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع کثیرالمنزلہ کمرشل عمارت میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،آگ لگنے کے باعث ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے جو مبینہ طور پر اُس عمارت کا سیکورٹی گارڈ بتایا جاتا ہے۔
ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی تا ہم آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ امدادی کارروائی میں مشکلات پیش آئی رہی تھیں،ریسکیو عملے نے چار گھنٹے کی مسلسل جد وجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا،جس کے بعد عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
اسی سے متعلق : کراچی،سائیٹ ایریا میں فیکٹری میں آگ بھڑک اُٹھی
امدادی کارروائیوں کے درمیان اسنارکل کہ آخری منزل تک رسائی نہ ہونے کے باعث محصور افراد کو رسیوں کے ذریعے نیچے اتارا گیا اس دوران آٹھویں منزل ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا،اسپتال انتظامیہ کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص کمرے میں دھواں بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہوا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کے دوران دم گھٹنے کے باعث ہالک ہونے والے شخص کی شناخت مستحق گل کے نام سے ہو گئی ہے،مستحق گل روزگار کے حصول کے لیے خیبر پختونخواہ سے کراچی آیا تھا جو کہ عمارت کا سیکیورٹی گارڈ بتایا جاتا ہے،ہلاک سیکیورٹی گارڈ کے اہل خانہ سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کراچی میں گزشتہ تین روز میں لگنے والی آگ کا یہ چوتھا واقعہ ہے،اس سے قبل کراچی کے سائیٹ ایریا میں تین فیکٹریوں میں آگ لگ گئی تھی جس سے ٹائر کا گودام جل کر خاکستر ہو گیا تھا اس موقع پر کے ایم سی کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں کم پڑنے میں کنٹونمنٹ بورڈ اور کے پی ٹی کی گاڑیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔