اسلام آباد: اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بارے میں تبصرہ کیا ہے۔
میڈیا سےغیررسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سنا ہے میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جا رہی ہے جو دوست یہ شوق پورا کرنا چاہتے ہیں کر لیں۔
ایازصادق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے ارکان تحریک عدم اعتماد لانے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے میں بطور اسپیکر سب کا خیال رکھتا ہوں، میں مطمئن ہوں اور بطور اسپیکر میرا کردار سب کے سامنے ہے۔
ایازصادق نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی کی فضا قائم ہوئی ہے وطن کےدفاع کےلئےجانیں قربان کرنے والےحقیقی ہیروز ہیں، دشمن کو بتا دیا پاکستان کے دفاع، سالمیت کےتحفظ پرقوم یکجا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا فی الحال کسی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا کوئی ارادہ نہیں، بانی نے تحریک عدم اعتماد لانے سے متعلق مجھےکوئی ہدایات نہیں دیں، تحریک عدم اعتماد سے متعلق خبریں بےبنیاد ہیں۔