رمضان میں لوگوں کا گھروں سے باہر سحری کا رجحان بڑھ رہا ہے اور ایک کلو کی دیگ والی بریانی نے دھوم مچائی ہوئی ہے۔
رمضان المبارک کی مقدس ساعتیں آہستہ آہستہ اختتام کی جانب گامزن ہیں۔ لوگوں میں ماہ مقدس میں گھروں سے باہر سحری کرنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے اور نت نئے ذائقوں کی تلاش میں شہری دوستوں اور فیملیز کے ساتھ ہوٹلوں، ڈھابوں کا رخ کرتے ہیں۔
ایسے ہی ایک ہوٹل کے بارے بتا رہے ہیں حیدرآباد سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے جام فرید لاکھو۔ جہاں دور دور سے لوگ ایک کلو دیگ والی بریانی کھانے کے لیے آ رہے ہیں۔
حیدرآباد میں پہلی بار ایک کلو کی دیگ میں بریانی متعارف کرائی گئی ہے۔ ایک کلو چاول کے ساتھ چکن، بیف اور آلو سے تیار کردہ لذیذ بریانی کو کھانے کے لیے سحری کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد لطیف آباد 11 کا رخ کر رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں پہلی بار ایک کلو کی دیگ میں بریانی تیار کی جاتی ہے اور خاص بات یہ کہ کسٹمرز کے سامنے اس کی مرضی کے مطابق مصالحہ جات ڈال کر یہ بریانی تیار کی جاتی ہے اور ایک دیگ سے 7 سے 8 افراد کھاتے ہیں۔