ہیرا قیمتی پتھر ہے لیکن ہر کسی کی دسترس میں نہیں مگر دنیا میں ایک جگہ آپ تفریح کے ساتھ ہیرے تلاش کر کے اس کے مالک بھی بن سکتے ہیں۔
زیورات میں قیمتی دھاتوں کے ساتھ قیمتی پتھر (ہیرے) ہمیشہ ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں ہیں۔ لیکن ہیرا بیش قیمت پتھر ہونے کی وجہ سے ہر شخص کا خواب تو ہو سکتا ہے مگر دسترس میں نہیں۔
تاہم دنیا میں ایسا منفرد پارک بھی ہے جہاں آپ سیر وتفریح کے ساتھ اصلی ہیرے تلاش کر سکتے ہیں اور اگر خوش قسمتی سے مل جائیں تو اس کو اپنے ساتھ لے جا سکتے ہیں۔
دی سن کے مطابق دنیا کا اس نوعیت کا منفرد اور واحد پارک امریکا میں واقع ہے جو اسٹیٹ پارک مرفریسبورو آرکنساس میں ایک آتش فشاں پہاڑ کے دہانے کے اوپر واقع ہے۔
امریکا میں 1972 میں اس کو اسٹیٹ پارک کا درجہ دیا گیا جس کے بعد یہاں ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں لیکن ان کا اصل مقصد تفریح سے زیادہ راتوں رات امیر بننا ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہاں آنے والے افراد ہیرے تلاش کرنے آتے ہیں اور اگر خوش قسمتی سے ہیرے انہیں مل جائیں تو نہ صرف وہ اس کے مالک تصور ہوتے ہیں بلکہ اپنے ساتھ بھی لے جا سکتے ہیں۔
حال ہی میں ایک سیاح کو قیمتی ہیرا ملا جس کی قیمت ہزاروں ڈالر تھی۔ جب کہ اب تک یہاں آنے والوں کو 35 ہزار کے قریب ہیرے مل چکے ہیں۔
پارک میں پائے جانے والے ہیرے عام طور پر سفید، پیلے یا بھورے رنگ کے ہوتے ہیں۔ اس میں عقیق بھی شامل ہے تاہم یہ علاقہ دیگر معدنیات سے بھی مالا مال ہے۔
اس پارک میں آنے والے افراد اپنے ساتھ ہیروں کی تلاش کے لیے اوزار لا سکتے ہیں جب کہ سائٹ پر انہیں کرائے پر بھی یہ سامان دستیاب ہوتا ہے۔
تاہم ہیروں کی تلاش کے لیے پارک میں داخلہ فیس مقرر ہے۔ بالغ افراد کے لیے داخلہ فیس 15 جب کہ بچوں کے لیے 7 ڈالر ہے۔ اگر کوئی سیاح ہیرا تلاش کر لیتا ہے تو عملہ اس کی مفت جانچ، وزن کرنے کے بعد اس کے معیار کا سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے۔