اسلام آباد: پاک فضائیہ نے یوم پاکستان کی پریڈ کے حوالے سے عوامی آگاہی پیغام جاری کردیا۔
پاکستان ائیرفورس کی جانب سے جاری ہونے والے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ 23 مارچ کی پریڈ کے حوالے سے پاک فضائیہ کے جنگی طیارے اسلام آباد اور راولپنڈی میں نچلی سطح پر پراوزیں کریں گے۔
آگاہی پیغام میں بتایا گیا ہے کہ نچلی پروازوں کے دوران پاک فضائیہ کے طیاروں کے لیے سب سے بڑا خطرہ کوڑا کرکٹ پر منڈلانے والے پرندے ہیں۔ پاک فضائیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ قوم کے بیش قیمت اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
یاد رہے کہ ہر سال 23 مارچ کی مناسبت سے پریڈ گراؤنڈ میں تینوں مسلح افواج کے دستے سلامی دیتے ہیں، رواں سال ملائیشیا کے وزیراعظم میں تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
A public service message from #PakistanAirForce#PakistanDay#23rdMarch pic.twitter.com/ORdKfDccTn
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) March 19, 2019
یوم پاکستان کے موقع پر آذربائیجان اور سعودی عرب کے فوجی دستے پریڈ میں شرکت کریں گے، آذربائیجان ،بحرین، سعودی عرب اور سری لنکا کا پیراٹروپرز فری فال جمپ کا مظاہرہ کریں گے جبکہ ترکی کے ایف 16 اور چین کے جے 10 طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے۔
مزید پڑھیں: ملائیشین وزیراعظم یوم پاکستان پریڈمیں مہمان خصوصی ہوں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر
یوم پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی تقریب کی فل ڈریس ریہرسل کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مقامی انتظامیہ نے متبادل ٹریفک پلان اور سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل میں بری، بحری، فضائی افواج، فرنٹیئر کور اورمجاہد فورس سمیت دیگر سروسز کے دستے پریڈ میں حصہ لے رہے ہیں۔
پاک فضائیہ کےلڑاکا طیارے، پاک بحریہ اور فوج کے ہیلی کاپٹر فلائی پاسٹ کررہے ہیں جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کےلیے راولپنڈی اسلام آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے ہیں۔