جنوبی وزیرستان : تحصیل خوالاں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا ہے جب کہ جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک سرچ آپریشن کے دوران انتہاپسندوں کے کمین گاہوں تک پہنچ گئے اور انہیں تباہ کرنے لگے۔
پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق دہشت گردوں نے سیکیورٹی کو اپنی جانب آتا دیکھ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کو شہید اور دوسرے کو زخمی کردیا ہے جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا۔
پولیٹیکل ایجنٹ کا کہنا تھا کہ علاقائی ذمہ داری کے تحت سلیمان خیل قبیلے کے 24 افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان سے مختلف حوالے سے تفتیش کا عمل جا ری ہے۔
پولیٹیکل ایجنٹ نے کہا کہ علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی اور شدت پسندوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا ہے جس کے دوران 24 مشتبہ افراد گرفتار اور بھاری مقدار میں اسلحہ بارود برآمد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی ذمہ داری کو موثر طریقے سے نبھایا جائے گا اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔