کام سے اخلاص ہو تو ایسا ایک ٹیچر زندگی کے آخری دن تک بستر مرگ پر کام کر کے دنیا کے لیے مثال قائم کر گئے آج سوشل میڈیا پر انہیں سراہا جا رہا ہے۔
درس وتدریس ایک مقدس پیشہ ہے جس سے وابستہ اساتذہ کی تعلیم وتربیت سے ملک وقوم کو مستقبل ملتا ہے۔ امریکا میں ایسے ہی ایک ٹیچر نے زندگی کے آخری دن تک بستر مرگ پر بھی کام کرکے دنیا کے لیے مثال قائم کر دی ہے۔
بسترِ مرگ پر بھی اپنے فرائض انجام دینے والے ٹیچر کا نام ایلی ہاندرو نوارو ہے جن کا تعلق تعلق امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر ڈیل رِیو سے ہے۔ اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیچر شدید علالت کے باعث اسپتال کے ایمرجنسی روم میں داخل ہیں لیکن وہاں وہ آرام کے بجائے اپنے لیپ ٹاپ پر طلبہ کے گریڈ لگا رہے تھے۔
ایک رپورٹ کے مطابق تمام طلبہ کی گریڈنگ مکمل کرنے کے اگلے روز ہی ان کا انتقال ہو گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مذکورہ ٹیچر پوسٹ دوبارہ سے وائرل ہے۔ اپنے پیشے سے مخلص اس استاد کی تصویر سب سے پہلے 2020 میں ان کی بیٹی ساندرا وینیگس نے شیئر کی تھی۔
View this post on Instagram
دوبارہ وائرل ہونے والی پوسٹ کو اب تک 73 ہزار سے زائد صارفین دیکھ اور پسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں جب کہ اس پر انتہائی جذباتی پیغامات اور تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مشیل لی نامی صارف نے لکھا کہ اس پوسٹ سے میرا دل ٹوٹ رہا ہے۔ ایک اور صارف مارکس آرمسٹرونگ نے لکھا کہ بندے نے مرتے دم تک کام کیا ہے۔