کراچی: پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کی ڈانٹ سے بھی محبت محسوس ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سب کی ٹیم ہے، پی ایس ایل کی بڑی ٹیم کا کپتان ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران بابر اعظم سے مشاورت کرتا ہوں، پہلے میچ کے ٹیم کے تمام کھلاڑی تیار ہیں، پشاور زلمی کے خلاف شائقین کو اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے فین دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی کنگز کا ترانہ چھا گیا
کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل 5 کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم متوازن ہے، ہم نے کھلاڑیوں کے چناؤ میں بڑی محنت کی ہے، کراچی کنگز آخری بال تک مقابلہ کرے گی۔
چیڈوک والٹن کا کہنا تھا کہ پاکستان بہترین ملک ہے، پی ایس ایل میچز کے لیے پرجوش ہوں، کراچی کنگز کا اسکواڈ متوازن ہے، بہترین میچز ہوں گے۔
کرس جورڈن کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر کھیلنے میں خوشی محسوس کررہا ہوں، پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں بھی پاکستان میں کھیلا تھا۔
پاکستانی نژاد امریکی کھلاڑی علی خان کا کہنا ہے کہ آخری مرتبہ پی ایس ایل ٹی وی پر دیکھا تھا اس مرتبہ لیگ کا حصہ ہوں، پی ایس ایل میں کھیل کر بہت اچھا لگے گا۔