کراچی: ترجمان سندھ پولیس نے کہا ہے صوبے میں مجموعی طور پر 873 کے قریب افسران وجوان کروناوائرس سے متاثر ہوئے، گزشتہ 3روز کے دوران وبا کے 95 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کے خلاف فرائض ادائیگی میں 8 پولیس اہلکاروں نے شہادت پائی، زیر علاج افسران اور جوانوں کی تعداد 627 ہے، جبکہ 238 افسران اور جوان صحت یاب ہوکر گھر وں کو جاچکے ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں کئی پولیس اہلکار وافسران کروناوائرس کا شکار ہیں، کراچی میں زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ 11 مئی کو شہر قائد میں کرونا وائرس انفیکشن سے محکمہ پولیس کا ایک اور اہل کار جان کی بازی ہار گیا تھا۔
خیبرپختونخوا پولیس کے درجنوں افسران واہلکار کروناوائرس کا شکار
خیبرپختونخوا میں وبا سے متاثرہ افسران سمیت پولیس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 39 سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ پشاور سے 11 پولیس کے جوان کرونا کا شکار ہوئے، وبا سے اب تک صرف ایک نوشہرہ کابی ڈی یو اہلکار فہیم جاں بحق ہوا ہے۔
خیال رہے کہ 16 مئی کو پنجاب میں کرونا وائرس سے ایک اور پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا تھا، شہید رمضان عالم بطور نائب ریڈر ایس ڈی پی او اقبال ٹاؤن سرکل فرائض سرانجام دے رہا تھا۔