پاکستانی فلمز اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی نئی فلم ’لو گرو‘ کا گانا ریلیز کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی فلمز کی پیشکش لو گرو کو سلمان اقبال فلمز، اے آر وائی فلمز اور سکس سگما پلس کے بینر تلے اس عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا، فلم میں رومانس کے ساتھ ساتھ پشتون اور پنجابی تڑکے والی مزاح بھی دیکھنے اور سننے کو ملے گی۔
اس فلم میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان ایک دہائی کے بعد ایک ساتھ مرکزی کردار نبھائیں گے، فلم کی پروموشن کے سلسلے میں دونوں اداکار مصروف ہیں۔
View this post on Instagram
گزشتہ روز ہمایوں اور ماہرہ خان کو فلم کی تشہیر کے سلسلے میں امریکا کے مختلف شہروں میں دیکھا گیا جبکہ وہ فلم کی عالمی پروموشن کے دوران ہیوسٹن، ڈیلاس، نیویارک کے علاوہ لندن میں بھی پروموشن کرتے نظر آئیں گے۔
تاہم اب اس فلم کا رومانٹک گانا بھی ریلیز کردیا گیا ہے، فلم کا گانا یوٹیوب پر جاری کردیا گیا جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
فلم ’لوو گرو‘ کا پروموشنل گانا ’’آ تینوں‘‘ عارف لوہار نے گایا ہے جبکہ ویڈیو میں ماہرہ اور ہمایوں کو گانے پر شاندار رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے اور دونوں کی کیمسٹری کو مداحوں نے خوب پسند کیا ہے۔
اس سے قبل فلم کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا جس میں ہمایوں سعید ایک دل پھینک عاشق کے کردار میں نظر آئے جو بعد میں ماہرہ خان کے والد (جاوید شیخ) کی طرف سے ایک ذمہ داری ملنے کے بعد سچی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے، جہاں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت، بولڈ کے طور پر پیش کیا گیا ہے، اس فلم کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے، ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں جبکہ ہمایوں سعید سمیت دیگر پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے۔