عامر جمال نے آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو شاندار کارکردگی کے ساتھ تاریخ رقم کر دی۔
پاکستان کے آل راؤنڈر عامر جمال نے بدھ کو آسٹریلیا کے خلاف اپنی ڈیبیو ٹیسٹ سیریز کے دوران ریکارڈ بک میں اپنے نام کی مہر ثبت کر لی ہے۔
جمال ایک ٹیسٹ سیریز میں 100 سے زائد رنز بنانے اور 10 سے زیادہ وکٹیں لینے کا نادر کارنامہ انجام دینے والے صرف تیسرے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔
اب وہ اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز میں 50 سے زیادہ اسکور اور 5+ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بھی ہیں۔
عامر جمال نے شاندار کارکردگی سے بھارتی کمنٹیٹر کو اپنا مداح بنا لیا
یہ تاریخی لمحہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں جاری تیسرے ٹیسٹ کے دوران سامنے آیا جہاں جمال نے بلے سے شاندار بیٹنگ طاقت کا مظاہرہ کیا۔ پہلی اننگز میں ان کی پہلی ففٹی نے اب انہیں پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرز عمران خان اور وسیم اکرم کے ساتھ ایک ایلیٹ کلب میں جگہ دی ہے۔
سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز جب قومی ٹیم کے بڑے بڑے بیٹر ناکام رہے اور 96 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین لوٹ چکی تھی تو اس وقت وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے آغا سلمان کے ہمراہ اننگ کو سہارا دیا اور نصف سنچریاں اسکور کیں۔
تاہم ان دونوں کے اوپر تلے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کے 9 کھلاڑی 227 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے ایسے وقت میں عامر جمال اور میر حمزہ ڈٹ گئے اور پاکستان ٹیم 313 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
عامر جمال کی بیٹنگ اور میدان میں چاروں طرف مارے گئے شاندار اسٹروکس سے اسٹیڈیم میں بیٹھے شائقین بھی محظوظ ہوئے اور ہر اچھے شاٹ پر انہیں تالیاں بجا کر داد دیتے رہے۔ دونوں نے مل کر آخری وکٹ کے لیے 86 قیمتی رنز جوڑے۔ اس دوران عامر جمال نے پہلی نصف سنچری بنائی اور 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔