ملبورن: پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لئے فٹ ہوگئے، جس کے بعد وہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق لیفٹ آرم فاسٹ بائولر محمد عامر باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے قبل فٹ قرار دے دئیے گئے، عامر 26 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا نے کہا کہ ’’ محمد عامر انجری کے باعث ابھی تھوڑا درد محسوس کررہے ہیں تاہم وہ میچ سے قبل مکمل فٹ ہوجائیں گے‘‘۔
پڑھیں: ’’ مصباح الحق نے آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ جیت لیا ‘‘
گرانٹ فلاور نے مزید کہا کہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں انہی فاسٹ باؤلرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے جو پہلے ٹیسٹ میچ میں دستیاب تھے، خیال رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں وہاب ریاض، محمد عامر اور راحت علی قومی ٹیم کا حصہ تھے۔
واضح رہے کہ محمد عامر برسبین ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ کے دوران مچل اسٹارک کی گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ جس کے بعد وہ تکلیف محسوس کررہے تھے، ڈاکٹرز نے عامر کو ان فٹ قرار دیتے ہوئے آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
محمد عامر نے برسبین ٹیسٹ میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور صرف 3 رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے تھے۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ دکھائی تھی جس کی بدولت صرف آسٹریلوی ٹیم صرف 39 رنز سے ہی میچ جیت سکی تھی۔