ممبئی: بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان رینا دتہ اور کرن راؤ کے بعد گوری نامی خاتون کے ساتھ تیسری بار محبت میں مبتلا ہونے کا اعتراف کر لیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عامر خان نے آج 60ویں سالگرہ کا جشن منایا اور ساتھ ہی گوری نامی خاتون کے ساتھ محبت میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی، جوڑا پچھلے ڈیڑھ سال سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہا ہے۔
گھر پر منعقد کی گئی سالگرہ کی تقریب میں عامر خان اور گوری ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے میڈیا کے سامنے آئے تاہم پرائیویسی کے باعث دونوں کی تصویر اب تک سامنے نہیں آ سکی۔
تقریب میں عامر خان نے گوری سے اتفاقی ملاقات کے بارے میں بتایا کہ وہ بنگلورو سے ہیں اور ہم ایک دوسرے کو 25 سال سے جانتے ہیں، لیکن پچھلے ڈیڑھ سال کے دوران قربتیں بڑھیں، وہ ممبئی میں تھیں جہاں ان سے اتفاقاً ملا پھر ہم سالوں تک رابطے میں رہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا عامر خان کو پھر محبت ہوگئی؟
اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں گوری کا فلم انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں جبکہ آج مسٹر پرفیکشنسٹ نے بتایا کہ وہ ’عامر خان پروڈکشن‘ میں ساتھ کام کر رہی ہیں۔
تقریب میں بالی وڈ اداکار نے گوری کا ہاتھ پکڑ کر 1976 کی فلم ’کبھی کبھی‘ کا مشہور گانا ’کبھی کبھی میرے دل میں‘ بھی گایا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ان کیلیے اکثر گانا گاتے ہیں۔
یاد رہے کہ عامر خان نے پہلی شادی فلم پروڈیوسر رینا دتہ سے کی تھی جو 1986 سے 2002 تک رہی۔ 2005 میں انہوں نے فلم ہدایتکار کرن راؤ سے شادی کی تاہم جوڑے نے 2021 میں علیحدگی اختیار کی۔
اداکار نے تیسری محبت کے ساتھ مستقبل کے بارے میں بات کی کہ میں 60 سال کی عمر کے بارے میں نہیں جانتا، مجھے شادی کرنی چاہیے یا نہیں لیکن میرے بچے بہت خوش ہیں، سابقہ بیویوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے پر خوش قسمت ہوں۔
6 سالہ بچے کی والدہ گوری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ ایسے شخص کی تلاش میں ہیں جو شریف اور ذہین ہو، عامر خان سے مل کر بہت خوش ہوں۔
عامر خان نے کہا کہ میں نے رینا دتہ اور کرن راؤ کے ساتھ 16، 16 سال گزارے اور بہت کچھ سیکھا، اب گوری کے ساتھ خود کو مطمئن محسوس کر رہا ہوں۔
رپورٹس کے مطابق عامر خان اور گوری کو اہل خانہ کی رضامندی حاصل ہے۔ اداکار نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں ایک افطار پارٹی کے دوران گوری کو انڈسٹری کے قریبی دوستوں سے ملوایا۔