ممبئی: بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان ”شہنشاہ“ امیتابھ بچن کی فلم دیکھ کر آبدیدہ ہوگئے۔
اداکار امیتابھ بچن کی نئی آنے والی فلم ”جھنڈ“ کے لیے ریلیز سے قبل اسپیشل اسکریننگ کی گئی جس میں عامر خان بھی موجود تھے۔
یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عامر خان جذباتی ہو کر فلم کی تعریفیں کر رہے ہیں اور فلم کی کاسٹ اور ہدایت کار کے لیے انتہائی احترام کا اظہار کر رہے ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ بہت ہی بہترین فلم ہے، ”جھنڈ“ امیتابھ بچن کے کیریئر کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔
یہ فلم سماجی ورکر وجے بارس کی زندگی کی کہانی پر مبنی ہے جنہوں نے کچی بستی میں رہنے والے بچوں کو فٹبال ٹیم بنانے کی ترغیب دی تھی۔ امیتابھ بچن نے فلم میں وجے بارس کا کردار نبھایا ہے۔
فلم کے پروڈیوسر سندیپ سنگھ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ فلم کا اسکرپٹ بے حد پسند آنے کے بعد امیتابھ بچن نے اپنے معاوضے میں کمی کر دی تھی۔ فلم 4 مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔