ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار المعروف ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے ایک سال کے وقفے کے بعد بڑی اسکرین پر واپسی کی تیاری شروع کر دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عامر خان نے اپنا اگلا پرجیکٹ فائنل کر لیا ہے جو آئندہ سال کرسمس کے موقع پر سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔
فی الحال فلم کا نام سامنے آیا تاہم بتایا جا رہا ہے کہ اس کی ریلیز کیلیے 20 دسمبر 2024 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بعد سُپر اسٹار اپنے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے متعدد پروجیکٹس پر کام میں مصروف ہیں۔
ان کے پروڈکشن ہاؤس کی یہ 16ویں پیشکش ہوگی جو فی الحال پری پروڈکشن کے مرحلے میں ہے۔ فلمسازوں کا ارادہ ہے کہ جنوری 2024 میں اس پر کام کا باضابطہ اعلان کیا جائے۔
اگر عامر خان کی فلم کرسمس 2024 پر ریلیز کی جاتی ہے تو اس کا مقابلہ سُپر اسٹار اکشے کمار کی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ سے ہوگا جو ویلکم فرنچائز کی تیسری پیشکش ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 2007 میں عامر خان کی فلم ’تارے زمین پر‘ اور اکشے کمار کی فلم ’ویلکم‘ کا باکس آفس پر اسی طرح ٹکراؤ ہوا تھا۔