بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ میری نئی آنے والی فلم کا بائیکاٹ نہ کریں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اسٹار عامر خان کی نئی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ 11 اگست کو ریلیز ہورہی ہے تاہم بھارت میں فلم کے خلاف بائیکاٹ کی مہم پر چل رہی ہے۔ بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا ہیش ٹیگ کے ساتھ اب تک ہزاروں ٹوئٹس کی جاچکی ہیں۔
فلم کے خلاف بائیکاٹ کی مہم پر اظہار خیال کرتے ہوئے عامر خان نے کہا ہے کہ ہماری فلم کا بائیکاٹ نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ بائیکاٹ بالی ووڈ … بائیکاٹ عامر خان … بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا … کا ٹرینڈ دیکھ کر مجھے بھی دکھ ہورہا ہے کہ لوگ یہ مانتے ہیں کہ میں بھارت کو پسند نہیں کرتا، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ درست نہیں ہے میں اپنے ملک سے پیار کرتا ہوں، تو پلیز میری فلم کا بائیکاٹ نہ کریں بلکہ اسے دیکھیں’۔
ان کی فلم کے خلاف بائیکاٹ مہم کی وجہ ان کا 2015 میں دیا گیا ایک بیان ہے جس میں عامر خان نے کہا تھا کہ ان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ نے ان سے کہا تھا کہ بھارت اب محفوظ نہیں رہا اس لیے ہمیں کسی دوسرے ملک منتقل ہوجانا چاہیے۔
خیال رہے کہ لال سنگھ چڈھا میں عامر خان کے ہمراہ کرینہ کپور، ساؤتھ انڈین فلموں کے اداکار ناگا چیتنیا اور مونا سنگھ اہم کردار ادا کررہے ہیں۔