بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے بتایا ہے کہ جاوید میانداد نے ان کی شادی برباد کردی تھی۔
اداکار عامر خان نے کہا کہ 18 اپریل 1986 کو میری اور رینا دتہ کی شادی ہوئی یہ وہی دن تھا جب شارجہ میں جاوید میانداد نے چیتن شرما کو آخری گیند پر چھکا مارا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں شادی کرکے اپنے گھر اور رینہ اپنے گھر چلی گئی گھر پہنچ کر سوچا کہ پوچھا جائے گا کہ کہاں سے آرہے ہو لیکن سب میچ دیکھنے میں لگے تھے کسی نے کچھ نہیں پوچھا۔
عامر خان کے مطابق میں بھی میچ دیکھنے بیٹھ گیا ہم میچ جیت رہے تھے میں بڑا خوش تھا کہ شادی کے دن پاکستان سے جیت رہے ہیں بڑا مزہ آئے گا۔
اداکار نے بتایا کہ آخری گیند پر جاوید میانداد نے چھکا مار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سالوں بعد میری جاوید میانداد سے فلائٹ میں ملاقات ہوئی تو ان سے کہا کہ جاوید بھائی آپ نے ٹھیک نہیں کیا، وہ پوچھنے لگے کیا؟ میں ان سے کہنے لگا کہ آپ نے میری شادی برباد کردی، وہ پوچھنے لگے کیسے؟ میں نے بتایا کہ آپ نے اسی دن چھکا مارا تھا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ آپ نے چھکا مارا تو میں ڈپریشن میں چلا گیا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ شادی کے بعد چھ ماہ تک وہ اپنے گھر پر اور میں اپنے گھر پر رہتا تھا لیکن ہم خوش تھے کہ اب ہمیں کوئی الگ نہیں کرسکتا، گواہ ہمارے ستیا، سواتی، اور ان کا ایک کزن آنند، فیصل اور وکی تھے۔