لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ عامر سہیل نے جو بولا وہ اُن کی ذاتی رائے ہیں، ہماری توجہ صرف اور صرف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل پر مرکوز ہے، عامر مکمل فٹ ہیں تاہم ٹیم اسکواڈ کا حصہ وہ کھلاڑی بنے گا جو ٹیم کے لیے بہتر ہو۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ کل فائنل میں قومی ٹیم جارحانہ کھیل پیش کرے گی، کوشش ہوگی ٹیم نے جیسا کھیل پیش کیا اُسی کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے باؤلر محنت کررہے ہیں، امید ہے جو پہلے غلطیاں ہوئیں انہیں دوبارہ نہیں دہرائیں اور تینوں فارمیٹ (بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ) کو بہتر سے بہتر بنائیں، تمام کھلاڑیوں نےبہترین پرفارمنس دی ہے اور اُس میں نکھار پیدا کرنے کے لیے مزید محنت کررہے ہیں۔
پڑھیں: عامر سہیل کی اے آر وائی نیوز کو دھمکی
قومی ٹیم کے کپتان نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی جس پر اُن کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کل کھیل کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے عامر بالکل فٹ ہیں تاہم جو کھلاڑی بہتر لگے گا اُسے ٹیم اسکواڈ کا حصہ بنائیں گے۔
مزید پڑھیں: سرفرازاحمد سے متعلق عامرسہیل کا بیان قابل مذمت ہے، شہریارخان
سرفراز احمد نے کہا کہ میچ کی حکمت عملی گیم ٹو گیم بنائی جاتی ہے، بھارت کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے مگر انہیں جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
مکھی آرتھر
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے جس طرح کرکٹ کھیلی وہ شاندار ہے، تمام کھلاڑی بڑے میچ کے لیے تیار اور فائنل میں پرفارم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹٰم فارم میں ہے اور اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے تاہم قومی کرکٹ ٹیم نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، فائنل میں پہنچنے کا کریڈت پوری ٹیم کو جاتا ہے۔