قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم کی طاقت فاسٹ بولنگ ہے اسی کے ساتھ بھارت کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
دبئی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ پاک بھارت میچ مین ہر کھلاڑی کے پاس کارکردگی دکھانے کا موقع ہے، پاکستان کے کھلاڑی دبئی کی کنڈیشن سے واقف ہیں، پاک بھارت میچ میں دباؤ کو سنبھالنا ہی کھلاڑیوں کا کام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری پلیئنگ الیون کل ٹاس کے بعد سامنے آئے گی، بھارت کی ٹیم کا پلان ہے کہ 5، 4 اسپنرز کھلائیں، ہم اپنی طاقت فاسٹ بولنگ سے ہی کھیلیں گے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ ہر ٹیم میں ایک اسپیشلسٹ اسپنر اور 2 آل راؤنڈر ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ کل کے میچ میں 8 گھنٹے کے دوران سب پتا چل جائے گا، پاکستان اور بھارت کا میچ اہم ہوتا ہے، میچ کی خوبصورتی ہار جیت سے کم نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ 50 اوور کے میچ میں فٹنس لیول بہت بہتر کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان چیمپئنز ٹرافی میں پانچ بار آمنے سامنے آچکے ہیں، پاکستان نے تین میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور بھارت دو میچز جیتا ہے۔
پاکستان نے 2017 کے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
مجموعی طور پر بھارت اور پاکستان نے 135 ون ڈے کھیلے ہیں، بھارت نے 57 میچز جیتے ہیں جبکہ پاکستان نے 73 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، پانچ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔