سابق آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے اچانک ون ڈے سے ریٹائرمنٹ لینے والے آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے مارکس اسٹوئنس آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے، تاہم انھوں نے اچانک ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا جس نے دنیائے کرکٹ کو حیرانی میں مبتلا کردیا تھا، آسٹریلیا کے سابق کپتان سمجھتے ہیں کہ آل راؤنڈر اس فیصلے سے پہلے آگاہ کرتے۔
ایرون فنچ نے مارکس اسٹوئنس کے ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کے اچانک فیصلے کو زیادہ پسند نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ اسٹوئنس کو ٹیم انتظامیہ کو 50 اوور کے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کے اپنے فیصلے کے بارے میں پہلے ہی بتا دینا چاہیے تھا۔
سابق کپتان نے کہا کہ جب آپ پر سلیکشن کمیٹی، کوچ اور کپتان کی جانب سے بھروسہ کیا گیا تھا تو شاید آپ نے کچھ زیادہ ہی جلدی فیصلہ کرلیا۔
ایرون فنچ نے کہا کہ میں حیران ہوں اس فیصلے پر، مجھے یقین ہے کہ اس کی منصوبہ بندی ہو رہی ہو گی، اینڈریو میکڈونلڈ اور مارکس سٹوئنس کے درمیان بات چیت ہوئی ہو گی تاکہ اس فیصلے کا کچھ بہتر حل نکالا جاسکے۔