اسلام آباد : تحریک انصاف کی منحرف رہنما اور رکن قومی اسمبلی عائشہ گلا لئی نے اپنی نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان وہ 2018 کے پہلے ہفتے میں کریں گی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے نوشہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلا لئی کا کہنا تھا کہ نئی جماعت میں نظریاتی اور پی ٹی آئی کے بانی ارکان شامل ہوں گے۔
خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ نئی جماعت میں طیارے اور اشرافیہ کے بجائے عام اور مخلص کارکنوں کی جگہ ہو گی اور انتخابی ٹکٹ بھی عام ورکز کو دیئے جائیں گے جو کہ تحریک انصاف کا اصل منشور تھا۔
اسی سے متعلق : پی ٹی آئی کوالوداع، تحریک انصاف میں خواتین کی عزت نہیں کی جاتی، عائشہ گلالئی
عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے تحریک انصاف کے اصل منشور سے ہٹ کر لٹیروں، چوروں اور عوام کے مسترد کردہ افراد کو پارٹی میں لاکر محض اپنی آسائشیں پوری کر رہے ہیں اور عام کارکنان کے مسائل سے انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
خیال رہے تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلا لئی نے چند ماہ قبل اپنی پارٹی کو خیر آباد کہتے ہوئے پارٹی چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات لگائے تھے۔
پارٹی قیادت پر سنگین اخلاقی الزامات عائد کرنے اور پارٹی پالیسی سے اختلاف رکھنے کے کی وجہ سے عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی سے تو علیحدگی اختیار کر لی ہے تاہم اپنی نشست کو عوامی امانت قرار دیتے ہوئے مستعفی ہونے سے انکار کردیا تھا۔