جنوبی افریقا کے سابق بیٹر اے بی ڈیولیرز نے خراب فارم سے پریشان بابر اعظم کو اہم مشورہ دے دیا۔
یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیولیرز نے بابر اعظم کی حمایت کی اور انہیں اہم مشورہ بھی دے دیا۔
براہ راست گفتگو کے دوران ڈیویلیرز سے سوال کیا گیا کہ وہ بابر کو کیا مشورہ دیں گے؟
جواب میں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اچھی فارم میں ہیں انہیں صرف وہی کرنا ہے جو وہ کررہے ہیں، وہ ہاشم آملہ کے ساتھ تیز ترین 6000 رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
اے بی ڈیویلیرز نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ وہ پچھلے کچھ سیزن میں ٹیسٹ کرکٹ میں آؤٹ آف فارم ہیں اور اس وقت کپتانی کا اضافی دباؤ بھی ان پر تھا۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی کا بوجھ اب ان کے کندھوں پرنہیں ہے اب وہ اپنی تمام تر توانائیاں رنز بنانے میں لگائیں اور محمد رضوان کی حمایت کریں جنہوں نے قیادت کی ذمہ داری سنبھالی ہیں۔
سابق جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی بڑا ٹورنامنٹ ہے، بابر صرف رنز بنانے پر توجہ مرکوز رکھیں، یہی مشورہ میں اپنے بیٹے کو دیتا ہون جب وہ بیٹنگ اچھی نہ ہونے پر مایوس ہوتا ہے، میرا پیغام آسان ہے، رنز بناتے رہیں۔
اے بی ڈیویلیرز نے وائٹ بال کپتان محمد رضوان کی تعریف کی اور کہا کہ 352 رنز کے تعاقب میں ناقابل شکست 122 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، وہ اچھی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں، انہوں نے سہ فریقی سیریز میں کافی رنز بنائے جو اچھے اشارے ہیں۔