خیبرپختون خواہ کے علاقے ایبٹ آباد میں چیتے نے موٹرسائیکل سوار پر حملہ کیا، جس میں وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے تھانہ ڈونگا گلی میں جنگل سے گزرنے والے موٹرسائیکل سوار کے اوسان اچانک اُس وقت خطا ہوئے، جب اُس کا گھات لگائے چیتے سے آمنا سامنا ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار نوجوان جب گزر رہا تھا تو جنگل سے نکل کر ایک چیتا اُس پر حملہ آور ہوا، جس میں وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیتا موٹرسائیکل کے بائیں ہاتھ کی طرف اور نوجوان موٹرسائیکل سے اتر کر پیچھے کی طرف کھڑا ہوا ہے۔
چیتے نے جیسے ہی نوجوان کی طرف بڑھنا شروع کیا تو اُس نے موٹرسائیکل گرا دی، جس پر چیتا وہاں سے دوبارہ جنگل کی طرف فرار ہوگیا۔ موٹرسائیکل سوار کی یہ ویڈیو وہاں موجود دوسرے نوجوان نے موبائل میں ریکارڈ کی اور پھر اسے انٹرنیٹ پر شیئر کیا۔
مقامی افراد نے محکمہ وائلڈ لائف کو واقعے سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چیتے کی آبادی میں نقل و حرکت روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر کوئی واقعہ رونما ہوسکتا ہے۔