فیروز والا / ایبٹ آباد : حساس اداروں نے کارروائی کرکے دو خواتین سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد کے قبضہ سے اسلحہ بارود برآمد ہوا ہے، ملزمان کوتفتیش کیلئے نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے نواحی علاقے منڈیاں میزائل چوک میں خفیہ اطلاعات پر حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے دو خواتین سمیت چھ افراد کو گرفتارکرلیا، جن کے قبضہ سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے،.
ذرائع کے مطابق گرفتارخواتین پر شبہ ہے کہ چارسدہ یونیورسٹی پر حملہ کی سہولت کار نہ ہوں، گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر تفتیش کیلئے منتقل کر دیا گیا ہے.
یاد رہے کہ صوبائی محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے پہلے ہی ایبٹ آباد کے بائیس مقامات کو سیکورٹی کے حوالے سے حساس قرار دے دیا تھا۔
علاوہ ازیں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں نجی یونیورسٹی کے ریکٹر کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کی فیروز والا میں چھاپہ مارا اور کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں نجی یونیورسٹی کے ریکٹر قیصر شہریار کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم دہشت گردوں کیلئے سہولت کار کے طور پر سرگرم تھا۔ سی ٹی ڈی نے قیصر شہر یار کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔