ایبٹ آباد : ڈینگی بخار میں مبتلا چار مریض جاں بحق ہو گئے، جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں،ضلعی انتظامیہ ڈینگی کو روکنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد شہر کے مختلف علاقوں میں ڈینگی بخار کے کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے۔ حویلیاں اور گردونواح کے علاقوں میں ڈینگی کے کیسز میں آئے روز اضافہ ہونے لگا۔
ڈینگی سے حویلیاں میں دو مرد اور دو خواتین اس بیماری کی نظر ہو گئے، ایوب میڈیکل کمپلکس اوربے نظیر شہید اسپتال میں ڈینگی بخار کیلئے تا حال الگ وارڈ قائم نہیں کیا جا سکا۔
جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نہ تو مریضوں کی داد رسی کی گئی اور نہ ہی ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں فوگ اسپرے کیا گیا،جس کے باعث ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پی پی ایچ آئی کی جانب سے حویلیاں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کیلئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا،جہاں ڈینگی سے متاثرہ علاقوں کے مریضوں کے خون کے نمونے لینے کے ساتھ مریضوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔