اسکول سے گھر جانے والے بچے خوفناک حادثے کا شکار ہوکر ابدی نیند سوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ ایبٹ آباد کے پنڈ کرگو خان میں پیش آیا جہاں اسکول وین تیز رفئاری کے باعث گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں چار بچے جاں بحق جبکہ بارہ زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کیا تاہم دشوار گزار اور تنگ راستوں کے باعث ریسکیو میں مشکلات درپیش رہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، فوری طور پر جاں بحق بچوں کی عمر اور ناموں کا تعین نہ ہوسکا، واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد: گاڑی گہری کھائی میں جاگری، 6 جاں بحق
گذشتہ تین روز کے دوران ایبٹ آباد میں رونما ہونے والا یہ دوسرا حادثہ ہے، اس سے قبل تئیس مئی کو بھی دلخراش حادثے کے نتیجے میں چھ قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا۔
حادثہ خیرہ گلی کےمقام پر پیش آیا جہاں کوسٹر کھائی میں جاگری، دلخراش حادثے کے نتیجے میں چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے، بدقسمت کوسٹر مری سے ایبٹ آباد جارہی تھی۔