کیپ ٹاؤن : جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم سے ریٹائرمنٹ لینے والے مایہ ناز بلے بار اے بی ڈی ویلئرز کی مارک باؤچر کے کوچ بننے کے بعد ایک بار پھر ٹیم واپسی ممکن نظر آنے لگی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے بہترین بیٹسمین اے بی ڈی ویلئرز نے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی شرکت کو مشکوک قرار دیا ہے۔
اسٹار بلے باز کا کہنا ہے کہ ان فارم، فٹنس اور گزشتہ سال آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنا، ٹی -20 ورلڈ کپ میں نہ لوٹنے کی وجہ بن سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اے بی ڈی ویلئرز نے گزشتہ سال انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی لیکن رواں برس جنوری میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ جنوبی افریقہ کےلیے دوبارہ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف نہ کھیلنا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کو مشکوک بناسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آئی پی ایل آئندہ برس تک ملتوی ہوتا ہے تو پھر نہیں معلوم کہ میں آئی پی ایل بھی کھیل پاؤں یا نہیں کیوں کہ ابھی میں فٹ ہوں لیکن اس وقت میری فٹنس کا کچھ نہیں پتہ۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں 100 فیصد فٹ رہا جیسا میں اب ہوں تو میں ٹی -20 میں کھیل سکتا ہوں لیکن اگر ایسا نہیں رہا تو میں اس میں حصہ نہیں لوں گا کیونکہ میں ویسا انسان نہیں ہوں جو فٹ نہیں ہوتے ہوئے بھی کھیلنے اترے۔