نئی دہلی: بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی کو جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا، بھارت بھی جیلوں میں موجود پاکستانی قیدیوں کو فوری رہا کرے۔
نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک اور خصوصاً بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، خطے میں امن کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے واضح کیا کہ بھارت پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش کو کمزوری نہ سمجھے بلکہ خود بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو ختم کرنے میں کردار ادا کرے۔
پڑھیں: ’’ پاکستان آنے والا بھارتی سپاہی بھارت کے حوالے ‘‘
عبدالباسط نے مزید کہا کہ بھارت کو بھی مذاکرات کے لیے پیش رفت کرنی چاہیے تاکہ خطے میں تعاون کی فضا اور ماحول بہتر ہوسکے۔ یاد رہے پاکستان کی جانب سے آج بھارتی فوجی کو دوبارہ بھارت روانہ کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا گیا۔