اسلام آباد : مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ دوست ممالک کے تعاون اور آئی ایم ایف پروگرام سے معیشت میں بہتری آئی ہے، آئندہ ماہ ملکی معیشت مزید مضبوط و مستحکم ہوگی۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کیلئے آنے والے مختلف ٹی وی چینلز کے معروف اینکر پرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ سے معروف اینکر پرسنز نے ملاقات کی، اس موقع پر مشیر خزانہ نے رواں مالی سال کی اب تک کی حکومتی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور اقدامات کی وجہ سے ہمیں کافی مشکلات کا سامنا رہا، دوست ممالک کے تعاون اور آئی ایم ایف پروگرام سے معیشت میں بہتری آئی ہے، آئی ایم ایف کے جائزہ مشن نے بھی حکومت کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
مشیرخزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت ریونیو میں مزید اضافے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے، اس کے علاوہ حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی اور اس پر سخت کنٹرول رکھا جارہا ہے، غربت کے خاتمے اور ترقیاتی پروگرام کی مدوں میں بجٹ بڑھایا گیا ہے۔
ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کیلئے ٹیکس استثنیٰ دیا گیا ہے، برآمدی صنعت کے فروغ کیلئے بجلی اور گیس کی سبسڈی دی گئی ہے، اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ایس ای سی پی کو خودمختاری دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے آئی ایم ایف وفد کی ملاقات
ایک سوال کے جواب میں مشیرخزانہ نے بتایا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پہلی سہ ماہی میں کم ہوکر 63.1 فیصد رہا اور برآمدات میں3.8فیصد اضافہ جبکہ خسارے میں33.5 فیصد کمی ہوئی، دسمبر2020 تک سرکلر قرضے ختم کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں، آئندہ ماہ میں معیشت مزید مضبوط و مستحکم ہوگی۔