تازہ ترین

ٹریفک سارجنٹ کیس: مجید اچکزئی کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ

کوئٹہ : ٹریفک سارجنٹ کو کچلنے کے کیس میں عدالت نے ایم پی اے مجید خان اچکزئی کی  ضمانت کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس موقع پر جاں بحق ہونے والے ٹریفک سارجنٹ کا بھائی اورپولیس کانسٹیبل عدالت میں پیش ہوئےاوراپنے بیانات قلم بند کروائے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ کے جی پی او چوک پر فرائض انجام دینے والے سب انسپکٹر حاجی عطا اللہ کو 20جون کو کچلنے والے رکن بلوچستان اسمبلی مجید خان اچکزئی کو واقعہ کے چند روز بعد ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ستمبر میں عدالت نے ان پر فرد جرم عائد کی تھی، تاہم ملزم نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کردیا۔

عبد المجید اچکزئی پرفردجرم عائد*

  اس سے قبل رواں سال جولائی میں انسداد دہشتگردی عدالت نے عبدالمجید اچکزئی کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی۔

یاد رہے کہ ابتدا میں‌ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا تھا، مگر مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا۔ عبد المجید اچکزئی کا تعلق حکمراں جماعت کی اتحادی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سے ہے۔

وہ 2013 کے عام انتخابات میں ضلع قلعہ عبداللہ کی سیٹ پی بی-13 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عدالت نے اس کیس کی سماعت 18 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments