کراچی : معروف سائنسدان عبدلقدیر خان نے کہا ہے کہ میں اسلام آباد میں رہتا ہوں لیکن میرا دل کراچی دھڑکتا ہے، کراچی میں لوگوں کو تکالیف دینے والے اب کفارہ ادا کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاوٴ اوجھا کیمپس میں حفیظ جالندھری اور غلام علی چھاگلہ کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں میں معروف سائنسدان عبدالقدیر خان نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدلقدیر خان نے کہا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے یہاں میرا دوسرا وزٹ ہے، ڈاوٴ یونیورسٹی نے کافی ترقی کرلی ہے ،ابھی بھی لوگ کہتے ہیں کہ جو اچھا کام کیا وہ ڈاکٹر قدیر خان نے ہی کیا ہے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ یہاں کے طالب علم ملک اور ملک سے باہر بھی ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، میرا اصول ہے جہاں بھی رہو اسی کو نمبر ون بنا دوں، مجھے امید ہے یہاں کے طالب علم اپنا اپنے والدین اپنے ملک اور اپنے ادارے کا نام روشن کریں گے، میرا اپنا آئی بی ایس انسٹی ٹیوٹ میں نے ڈاوٴ کو دے دیا ہے۔
انھوں نے کہا میں اسلام آباد میں رہتا ہوں لیکن میرا دل کراچی دھڑکتا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ آپ کی خدمات جو تھی، اچھی تھی آپ کی خدمات کے بعد جو ہوا اس ملک کے ساتھ برا ہی ہوا، ڈاؤ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے ملک میں نام روشن کرینگے، کراچی میں لوگوں کو تکالیف دینے والے اب کفارہ ادا کر رہے ہیں، کراچی کی ٹوٹی سڑکیں دیکھ کر میرا دل بھر آیا کراچی میں میرا دل لگا رہتا ہے، کراچی کے کھانے بہت یاد آتے ہیں، کراچی سے باہر جانے سے پہلے فلمیں دیکھنے کا بھی نہایت شوق تھا۔
سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی بدل بھی گیا ہے، کراچی کا امن و امان پہلے سے بہتر ہے، جامعہ کراچی میں انسٹیوٹ بنا کر میں نے کراچی ہونے کا حق ادا کردیا۔
اس موقع پر سینیٹر عبدالحسیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسا مالدار ملک دنیا میں کہیں نہیں، پاکستان قائداعظم نے بنایا اور اللہ نے قائداعظم کو چنا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت کے لیے اللہ نے عبدالقدیرخان کا انتخاب کیا۔