اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے نامزد وزیراعظم عمران خان کو قومی اسمبلی کے اسپیکر کیلئے کارڈ کے بغیر ووٹ کاسٹ کرنے پر اعتراض اٹھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کیلئے کارڈ کے بغیرکارڈ ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے پر اعتراض اٹھا دیا۔
قادرپٹیل کا کہنا تھا کہ میرے پاس کارڈ نہیں تھا، مجھے ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیا گیا، عمران خان کے پاس کارڈ نہیں تھا، انہیں اجازت دے دی گئی۔
جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہا عمران خان نے مجھ سے اجازت مانگی میں نے دے دی ، آپ بھی مجھ سے اجازت لیتے میں دے دیتا، 3میرے لیے تمام ارکان برابر ہی ہیں۔
مزید پڑھیں : عمران خان رجسٹریشن اور شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے
یاد رہے قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے لئے عمران خان ووٹ ڈالنے گئے تو پتہ چلا وہ اپنا رجسٹریشن اور شناختی کارڈ ساتھ لانا بھول گئے ہیں۔
جس کے بعد عمران خان کو ووٹنگ کے لئے اسپیکرسےاجازت لینا پڑی اور ایازصادق نے عمران خان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے انتخاب کے لیے اسد قیصراور خورشیدشاہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے اُمیدواراسد محمود کے مابین مقابلہ ہوگا۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب قاعدہ 9 باب 3 کے تحت ہوگا۔
واضح رہے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے, جس کے بعد 18 اگست کو عمران خان عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ْ