جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کاروبار میں ترقی برآمدات میں اضافہ کے بغیر نہیں ہو سکتی، عبدالرازق داؤد

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : مشیر تجارت عبدالرازق داؤد نے کہا ہے کہ سرمایہ کار برآمدات میں دلچسپی نہیں رکھتے، کاروبار میں اضافہ اس کے بغیر نہیں ہو سکتا، اس کلچر کو بدلنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر تجارت نے کہا کہ تاجر برادری چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کا فائدہ اٹھائے۔

معاہدے میں چین سے 15 ارب ڈالر کی درآمدات تھیں، ہماری برآمدات ایک ارب ڈالرسالانہ کی تھیں، اب پاکستان کو دیگر آسیان ممالک کی طرح مراعات ملیں گی۔

عبدالرازق داؤد نے کہا کہ روپے کی قدرمیں کمی سے عالمی مسابقت بڑھی، چین نے پاکستان کی 90 فیصد برآمدات کو آسان رسائی دی لیکن اس معاہدے میں ایک دو غلطیاں ہوئی ہیں، سیمنٹ کی ڈیوٹی فری برآمد کی اجازت ملی مگر کلنکر پر نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ یہ غلطی وزارت تجارت نہیں بلکہ سیمنٹ والوں کی ہے، سرمایہ کار برآمدات میں دلچسپی نہیں رکھتے اسے بدلنے کی ضرورت ہے، کاروبار میں اضافہ برآمدات کے بغیر نہیں ہو سکتا، ملک میں ایکسپورٹ کلچر لانا پڑے گا، چین سے آزاد تجارت معاہدے سے اس کو بدلیں گے۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس کی مدت مارچ کو ختم ہو رہی ہے، آئندہ ہفتے جی ایس پی پلس کی مدت میں توسیع کی درخواست کرنے جارہا ہوں، یورپی یونین والے چائلڈ لیبر ختم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں،27کنونشن میں سے 5پر یورپی یونین نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ان تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی تھی، میں پاکستان کا کیس یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں کیس پیش کروں گا، کچھ ممالک جی ایس پی پلس کی شرائط پر کافی سخت ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں