سابق قومی آل راؤنڈر عبدالرزاق نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت سے شرمناک شکست پر کہا ہے کہ اس وقت قومی ٹیم میں دوستیاں زیادہ ہیں۔
ایک مقامی نجی ٹی وی چینل کے اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کل میچ کے بعد کپتان بابر اعظم کہہ رہے تھے کہ ہم نارمل کھیل رہے تھے۔ ارے آپ کسی اور ٹیم نہیں بلکہ بھارت کے خلاف کھیل رہے تھے اور یہ میچ کبھی بھی نارمل نہیں ہوتا بلکہ مارو یا مر جاؤ کے مترادف ہوتا ہے۔
عبدالرزاق نے کہا کہ ہم نے میچ میں کچھ بھی نہیں کیا اور بُری کارکردگی سے ون سائیڈ میچ بنا دیا۔ اگر ہمیں اپنے بولر کو ریسٹ دینا ہے تو انہیں چھوٹی ٹیموں جیسے افغانستان اور دیگر کے خلا ف ریسٹ کرانا چاہیے،
سابق مایہ ناز آل راؤنڈر نے کہا کہ ایک تو یہ سمجھ نہیں آتا کہ بورڈ کو جو بھی نیا سربراہ آتا ہے وہ کپتان کو کیوں ان پاور کرنا چاہتا ہے۔ اس کا مطلب اپنے پیروں پر کلہاڑی مارنا ہے، ہمارے پاس اتنی اسٹرینتھ نہیں ہے کہ اپنے کھلاڑیوں کے دیکھ بھال کر سکیں اور متبادل کے ہمراہ اچھے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں جا سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم میں فرینڈ شپ زیادہ ہے اور جب ایسا ہو تو مسائل تو آتے ہی ہیں۔
عبدالرزاق نے مزید کہا کہ کل کے میچ میں بابر اور رضوان نے کنڈیشن کے مطابق نہیں کھیلا، جہاں تیز کھیلنا تھا وہاں یہ دونوں انتہائی سست کھیلے جس کا خمیازہ میچ میں ہار کی صورت میں بھگتنا پڑا۔