پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

بھارت نے ‘بزدلی دکھانے پر’ ابھی نندن کو تیسرا بڑا فوجی اعزاز دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارت کا ایک اور بھونڈا مذاق سامنے آ گیا، بزدلی دکھانے پر ونگ کمانڈر ابھی نندن کو ویر چکرا جیسا بڑا اعزاز دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سے رہائی پانے والے ابھی نندن کو تیسرے بڑے فوجی اعزاز ویر چکرا سے نواز دیا گیا، بھارتی پائلٹ کو اُس پاکستانی ایف 16 گرانے پر یہ اعزاز ملا جس کا ثبوت بھارت دنیا کو نہ دے پایا۔

اس اعزاز کے ذریعے بھارت نے ایک بار پھر اپنی جگ ہنسائی کا سامان کر دیا ہے، سوال اٹھا ہے کہ کہیں یہ اعزاز ابھی نندن کو پاکستانی چائے پینے کے عوض تو نہیں دیا گیا۔

پاکستان میں گرفتار ہونے والے پائلٹ ابھی نندن کو یہ اعزاز آج بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے دیا، حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ اُس کارنامے کے لیے دیا گیا ہے جو اُس نے کبھی سر انجام دیا ہی نہیں۔

لوگ حیران ہیں کہ اپنا مگ 21 بیسن ٹارگٹ کروا کر ٹکڑے ٹکڑے کرنے، پاکستانی سرحد میں گرفتار ہونے، اور پاک فوج کی میزبانی میں چائے کی چسکیاں لینے والے پائلٹ ابھی نندن کو ‘پاکستان کا ایف سولہ مار گرانے’ پر بہادری کا ویر چکرا کیسے تھمایا گیا؟

یعنی اُس کارنامے پر ابھی نندن کو اعزاز سے نوازا گیا جس کا کوئی ثبوت بھارت عالمی برادری کے سامنے پیش نہ کر سکا، الٹا بھارت کو اپنے پائلٹ کی رہائی کے لیے عالمی سطح پر دہائیاں دینی پڑیں۔

پاکستان بھی متعدد مرتبہ ایف سولہ گرانے کے بھارتی دعوے کی تردید کر چکا ہے، امریکی جریدے فارن پالیسی نے اپنی رپورٹ میں بھی بتایا تھا کہ امریکی محکمہ دفاع کے اہل کاروں نے پاکستانی ایف سولہ طیاروں کی گنتی کی اور وہ تعداد میں پورے ہیں، لیکن بھارت طیارہ مارگرانے پر اُسی طرح جما ہے جیسے بالاکوٹ میں کوے مارے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں