چٹاکانگ: بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے ہیرو عابد علی کا کہنا ہے کہ سنچری نہ بنانے کاافسوس ہے۔
تفصیلات کے مطابق پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد گفتگو میں عابد علی نے بتایا کہ عبداللہ شفیق کا ڈیبیو ٹیسٹ تھا، ہم نے مشاورت کی کہ زیادہ سے زیادہ وکٹ پر ٹہرا جائے اور خراب گیندوں کا انتظار کیا جائے، اپنی حکمت عملی میں کامیاب رہے اور فتح سمیٹ لی۔
عابد علی کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ سے کھیلتا آرہا تھا، پراعتمادتھا کہ بہترین کارکردگی دکھاؤں گا، ذہن کو مثبت رکھتے ہوئے کھیلا جس کا صلہ ملا۔
یہ بھی پڑھیں: چٹاکانگ ٹیسٹ میں فتح پر کپتان بابر اعظم نے کیا کہا؟
ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سینچری نہ بنانے پر عابد علی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسری اننگز میں بھی سینچری نہ کرنے کا افسوس ہے، مگر خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستان میچ جیتا، جو ہمارے لئے بہت اہم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی اوپنرز نے پاکستان کی دوسری اننگز میں 151 رنز کی بہترین شراکت داری قائم کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے راستے پر ہمکنار کیا تھا، ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والےعبداللہ شفیق نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے چٹاکانگ ٹیسٹ کو یادگار بنایا عبداللہ شفیق نے پہلی اننگز میں 52، دوسری میں 73بنائے۔
عابد علی نے چٹاکانگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 133 جبکہ دوسری اننگز میں 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔