کراچی: قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے بلے باز کے دل کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر نے عابد علی کی گراؤنڈ واپسی سے متعلق اہم بیان جاری کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے نجی اسپتال میں عابد علی کے دل میں دو اسٹنٹ ڈال دیے گئے ہیں، جس کے بعد انہیں ڈاکٹرز نے گراؤنڈ سے دور رہنے اور آرام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اب عابد علی کے طبیب ڈاکٹر حمید اللہ نے عابد علی کی صحت سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ عابد علی کو شروع میں مستقل آرام کرنا ہوگا، تین سے چھ ماہ بعد اُن کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر حمید کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد ہی مستقبل میں کرکٹ کھیلنے یا نہ کھیلنے کے حوالے سے کچھ معلوم ہوسکے گا۔
مزید پڑھیں: عابد علی کے دل میں دوسرا اسٹنٹ ڈال دیا گیا
یہ بھی پڑھیں: عابد علی کے کیرئیر سے متعلق پی سی بی کا اہم فیصلہ
اسے بھی پڑھیں: عابد علی کی دل کی 2 رگیں بند ہونے کا انکشاف، ایسی حالت میں کرکٹ کھیلنا ‘معجزہ’ قرار
یاد رہے کہ ایک روز قبل قائد اعظم ٹرافی میچ کےدوران عابد علی کو دل میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں داکٹرز نے اُن کے ٹیسٹ کیے تو دو رگیں بند ہونے کا انکشاف ہوا۔
ڈاکٹرز نے اس تمام صورت حال کے بعد فوری آپریشن کرنے کا اعلان کیا اور کل ایک جبکہ آج آپریشن کر کے دونوں بند رگوں کی جگہ اسٹنٹ لگا دیے۔ ماہرین نے دو رگیں بند ہونے کے باوجود تندرست رہنے اور مستقل کرکٹ کھیلنے کو معجزہ بھی قرار دیا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ عابد علی کے دل میں گزشتہ روز بھی اسٹنٹ ڈالا گیا تھا، ان کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ عابد علی 2 ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، اور دو ماہ بعد وہ معمول کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔