فیصل آباد : وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کا سونامی پہلے پشاور اور بعد میں راولپنڈی میں دفن ہوگیا، ملک کو دہشت گردی کے خطرات لاحق ہیں لیکن عمران خان کو دھرنے کی پڑی ہوئی ہے، عمران خان اور دھرنے والوں کو شرم آنی چاہئیے۔عمران خان رائیونڈ نہیں بلکہ تبلیغی اجتماع گاہ جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، عابد شیرعلی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سی پیک اور پاکستان کے دشمن ہیں، عمران خان بھارت کی زبان بول رہےہیں اور یہ ان ہی کے ایجنٹ ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی جانے والی تقریر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے جرات کیساتھ عالمی سطح پر کشمیر کا مؤقف پیش کیا اور کشمیریوں کی آواز عالمی برادری تک پہنچائی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے، پی ٹی آئی کے رائے ونڈ مارچ کے حوالے سے ایک سوال کےجواب میں ان کا کہنا تھا کہ اپنے قائد کی رہائش گاہ کا دفاع کرنا ہمیں بہت اچھے طریقے سے آتا ہے، پاکستان کی ترقی کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہوتی۔
شیخ رشید نے نوازشریف سے پارٹی میں شامل ہونے کیلئے منت سماجت کی تھی، انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے زیادہ ٹیکس میں ادا کرتا ہوں۔