فیصل آباد : بجلی کے وزیرمملکت عابد شیرعلی نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ تیسری شادی کی تیاری کریں اور کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ آنے والا ہے، جس کے بعد ان کے پاس کوئی کام نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ آنے والا ہے، فیصلہ شواہد پر ہوگا بنی گالہ کی بھڑکیوں پر نہیں، ہمارا تو دامن صاف تھا اور ہے، عمران خان تیسری شادی کی تیاری کرلیں کیونکہ فیصلے کے بعد انکے پاس کچھ کرنے کو نہیں ہوگا۔
عابد شیرعلی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ وہاں کی حکومت کا قصور ہے، 3 سال سے خیبرپختونخوا حکومت سے گرڈ اسٹیشن کے لئے جگہ مانگ رہے ہیں ، جن علاقوں میں لائن لاسزہ یں وہاں 18سے20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوگی،شہروں میں 4گھنٹے، دیہی علاقوں میں 6گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے،
وزیر مملکت نے کہا کہ عمومی طور پر مارچ کے مہینےمیں درجہ حرارت اتنا نہیں ہوتا، اچانک گرمی بڑھ جانے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کرنی پڑی، کراچی میں گزشتہ روز احتجاج کے الیکٹرک کا مسئلہ ہے، جہاں بل کی ادائیگی نہیں ہوتی وہاں لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں : ماضی کی حکومتوں والے ڈاکو تھے کوئی کام نہیں کیا،عابد شیر علی
انکا مزید کہنا تھا کہ ٹکٹیں بلیک اور اربوں کی کرپشن کرنے والے پاک دامن بن کر آجاتے ہیں، پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن 3سال تک کہاں تھے وہ تو شراب خانوں میں مار کھاتے رہے، وہ بتائیں کہ کس کے ڈر سے ملک چھوڑ کر فرار ہوئے اور اگر انہوں نے علاج کروایا مجھے اس اسپتال کا نام بتا دیں۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کے حوالے سے وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ سندھ میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے، ایپکس کمیٹی میں اے ڈی خواجہ کا جوبھی فیصلہ ہوگا وہی بہتر ہوگا۔