اسلام آباد : وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن عدلیہ کی عزت کرتی ہے ، ہمارے قائدین روپوش نہیں ہوئے نہ کمردرد کا بہانہ کرکے بھاگے جبکہ دانیال عزیز نے کہا کہ ایک پاکستان تحریک انصاف فرار جماعت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا مریم نواز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا کہ مسلم لیگ ن عدلیہ کی عزت کرتی ہے، اسی لئے پہلی مرتبہ پاکستان میں کوئی حکمران خاندان احتساب عدالت میں پیش ہو رہا ہے، ہمارے قائدین روپوش نہیں ہوئے نہ کمردرد کا بہانہ کرکے بھاگے۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ نوازشریف اہلیہ کی علالت کے باعث ملک سے باہر ہیں،نوازشریف عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں، نوازشریف کی بیٹی اور داماد عدالت میں پیش ہوئے ہیں، قانونی جنگ لڑنے کا ہر انسان کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے۔
حسن اور حسین کی غیر موجودگی کے بارے میں وزیر مملکت نے کہا کہ وہ عدالتی دائرہ اختیارمیں نہیں آتے۔
پاکستان تحریک انصاف فرار جماعت ہے، دانیال عزیز
مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر احتساب عالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان پر طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ ہمیں درس دینےوالےعدالتوں اور الیکشن کمیشن سے مفرور ہیں، پاکستان تحریک انصاف فرار جماعت ہے۔
دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ ایک جماعت عدالتوں کی پاسداری کررہی ہے ،عدالتوں میں قانونی طریقے سے پیش ہورہےہیں، عمران خان،جہانگیر ترین نے خود لکھ کردیا ہم نے چوریاں کی ہیں، جہانگیر ترین اور عمران خان نیچا دکھانے کی سیاست کرتے ہیں۔