جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

بلاول بھٹو بات کرنے کی تمیز سیکھیں، عابد شیرعلی

اشتہار

حیرت انگیز

فیصل آباد : وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بات کرنے کی تمیز سیکھنی چاہیئے، پیپلز پارٹی انکل اور آنٹی سے ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائے،” بچہ تو بچہ ہے بچوں سے کیا بات کرنی “۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد کے ایک چرچ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

عابد شیرعلی نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احتساب کا وقت آ گیا، بلاول بھٹو کے انکل اور آنٹیوں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے، بلاول  پہلے ملک کی لوٹی ہوئی  دولت واپس لائیں پھر ہم سے احتساب کی بات کریں۔

عابد شیرعلی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بچہ تو بچہ ہے، دل بھی بچہ ہے اور آگے بھی بچہ ہے۔

 انہوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر صوبائی وزراء کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے کراچی کو کوڑستان بنا دیا، صوبائی وزرا نے مزار قائد کا فانوس تک اتار کر بیچ دیا، سانحہ بلدیہ سندھ میں جاری گینگ وار کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز لیگ آئندہ عام انتخابات میں سندھ میں کلین سوئپ کرے گی۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی  27 دسمبر کو اپنی قبر کھودنے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد شہر کو قبضہ گروپ نے گھیرے میں لیا ہوا ہے، بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹ ملنے کے دعوے داروں کے دعوے دھرے رہ گئے، جو لوگ ٹکٹ کے دعوے کرتے تھے ان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میئر کا الیکشن ایک میچ ہے، تبدیلی ووٹ سے آئے گی، ڈنڈے اور دھرنے سے نہیں، فیصلہ 22 دسمبر کو ہو گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں