فیصل آباد: وزیرِ مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے قوم کو ڈانس، دھرنے اور گالم گلوچ کی سیاست کے سوا کچھ نہیں دیا۔
وزیرِ مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نا اہلی کیس کی طرح پاناما لیکس میں بھی ہم سرخرو ہوں گے مخالفین کے ہاتھ مایوسی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔
عابد شیر علی نے وزیر اعلٰی کے پی کے پرویز خٹک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے دھرنے، کرپشن اور ڈانس کےعلاوہ کچھ نہیں دیا،علی امین گنڈا پور کو خود تحریک انصاف نے کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور مُک مکا ہونے کے بعد رہا کروایا اور جب وہ اسلحہ اور شراب کی بوتل سمیت پکڑے گئے تو پنجاب پولیس کو بُرا بھلا کہا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی طرزِ سیاسیت ملک میں انتشار پھیلانے کا باعث بن رہی ہے تبدیلی دھرنے دینے سے نہیں ترقیاتی کام کرنے سے آتی ہے، کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔