اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز جشن کا منصوبہ بنایا ہوا تھا، شیخ رشید 25سال نواز شریف کے جوتے پالش کرتے رہے ہیں، عدالتوں میں قانون بولتا ہے، جو نوازشریف کے حق میں بولے گا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روزجشن کا منصوبہ بنایا ہوا تھا،عمران خان جمہوریت کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں۔
عابد شیر علی نے عمران خان کو مخاطب کرکے بولا کہ قوم جشن جمہوریت کے جانے کا نہیں، برقرار رہنے کا منائے گی، سازشیں کرنا چھوڑ دو۔
وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی نے کہا کہ شیخ رشید25 سال نوازشریف کے جوتے پالش کرتے رہے، میں شیخ رشید کو چیلنج کرتا ہوں میری پراپرٹی اپنے اور اپنی جائیداد میرے نام کردیں، ،پتہ چل جائےگا کہ کون مزدور ہے؟
انھوں نے شاہ محمود قریشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود جعلی پیر ہیں، جو لوگوں کا خون چوس رہا ہے، بتائیں کتنا ٹیکس دیتے ہیں، ایمان فروش لوگ نوازشریف پر الزام لگاتے ہیں۔
عابد شیر علی نے چوہدری شجاعت کی انٹری کو بیگانی شادی عبداللہ کا ناچ قرار دے دیا اور کہا کہ چوہدری شجاعت کےبڑوں پرشریف خاندان کے احسان ہیں، نوازشریف اپنی4نسلوں کا حساب دے رہے ہیں، چوہدری شجاعت بتائیں بیرون ملک کتنی بے نامی جائیدادیں ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ عدالتوں میں قانون بولتا ہے اور وہ نوازشریف کے حق میں بولے گا، عدالت کسی کی منشا کے مطابق فیصلہ نہیں کرتی ، چوہدری شجاعت بیگانی شادی میں خوش ہو رہےہیں، 22 کروڑ عوام کا شکار کوئی نہیں کرسکے گا۔