اسلام آباد : قومی اسمبلی عابد شیرعلی کے ٹریکٹر ٹرالی والے ریمارکس پراپوزیشن کا شدید احتجاج، عابد شیر علی نے معافی مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی کے ٹریکٹر ٹرالی والے ریمارکس پر اپوزیشن سیخ پا ہو گئی۔
عابد شیر علی نے ایک بار پھر ٹریکٹر ٹرالی کا قصہ چھیڑ دیا ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے رکن محمد علی نے استفسار کیا کہ خواجہ آصف آج ایوان میں نہیں آئے جس پر عابد شیر علی نے جواب دیا کہ خواجہ آصف ٹرانسفارمر لانے کے لیے ٹریکٹر ٹرالی لینے گئے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کا ماحول خراب کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ عابد شیرعلی نے معافی نہ مانگی تو حکومت کیلئے مشکل کھڑی کردینگے۔
انہوں نے دھمکی دی کہ نہ اسمبلی چلنے دیں گے اورنہ حکومت کو چلنے دیں گے اور وزیر خزانہ کل فنانس بل بھی پاس نہیں کرا سکیں گے۔
عابد شیر علی کے ریمارکس پر وفاقی وزیر عبدالقادربلوچ نے بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیرعلی نے اپنی تقریرکا آغاز غلط انداز سے کیا، عابد شیرعلی ایوان سے معافی مانگیں۔
اتنی تنقید اور مخالفت کے بعد اسپیکرقومی اسمبلی کی ہدایت پر عابد شیرعلی نے ایوان سے معافی مانگ لی۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ میں نے کسی پر ذاتی تنقید نہیں کی ،میں نے محکمانہ زبان استعمال کی، اگر کسی کی دل آزاری ہوئی تو معافی چاہتا ہوں۔