لاہور: وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں، حملے ہمیں الیکشن سے نہیں روک سکتے، سیاسی جماعتوں کے قائدین مذہب کو سیاست سے دور رکھیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سروسز اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عابد شیر علی نے کہا کہ کوئی مذہب کا ٹھیکیدار نہیں، سیاست کو مذہب سے علیحدہ کریں، ہم سب عاشق رسول ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملہ 22 کروڑ عوام پر حملہ ہے، محب وطن پاکستانی کو اس آگ کو یہی روکنا ہوگا، ہمیں کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ وزیر داخلہ پر حملے سے پاکستان کی دنیا میں جگ ہسائی ہوئی، سیاست کو مذہبی رنگ نہ دیں ورنہ سب کچھ جل جائے گا، دنیا کو ایسا پیغام ملا کہ وزیر داخلہ بھی محفوظ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گولیاں چلتی رہیں گی، گولیوں میں نواز شریف کے شیر جیتیں گے، یہ گولیاں ان کو نیچا نہیں کرسکتیں، دہشت گرد تنظیموں کو سر عام سزا دینی چاہئے۔
مزید پڑھیں: احسن اقبال پر حملہ کرنے والا ملزم 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے، حملہ کرنے والے ملزم عابد حسین کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال پر حملہ ملکی سلامتی پر حملہ ہے، حملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔