لاہور: وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے الزام لگایا ہے کہ عمران خان بھی را کے ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے پرویز خٹک کے گھر کے باہر دھرنا دیں گے۔
لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 14 اگست کے پرمسرت موقع پر ریلیاں شروع کردیں۔ ان کی ریلیوں کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی معاشی نقصان پہنچا۔
عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان بھی را کے ایجنٹ ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ اے سی والے کنٹینروں میں بیٹھنے والے لوگ ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ عوام ان کے لیے سڑکوں پر اپنی جانیں دے جبکہ یہ خود مشکل صورتحال میں باہر چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گالی دینے والوں کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔
وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی اس سے قبل بھی عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرچکے ہیں۔ ان کے ایک نامناسب ٹوئٹ پر سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہوگیا تھا۔